اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جو تکامول سعودی عرب کے تعاون سے پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی اسکلز ویریفیکیشن کرے گا جو بیرون ملک بالخصوص سعودی عرب میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں معاون ہو گا بلکہ پاکستانی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں مدد گار ثابت ہو گا،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تکامول سعودی عرب اور نیوٹیک پاکستان کی جانب سے سکلز ویریفیکیشن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔ سعودی عرب کے نائب وزیر برائے بین الاقوامی امور ڈاکٹر عدنان النعیم کے اس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے تحت ایک طرف پاکستانی ہنرمند افراد کے لئے سعودی عرب میں ملازمت کے مواقع بڑھیں گے اور دوسری طرف دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ تکامول سعودی عرب اور نیوٹیک پاکستان اس پروگرام کے تحت پائلٹ فیز میں ایک ہزار پاکستانی ہنرمندوں کی ویریفیکیشن کریں گے جو کہ بغیر کسی معاوضے کے کی جائے گی۔ ویریفیکیشن کا عمل مکمل ہونے پر امیدواروں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مشترکہ سرٹیفیکیٹس جاری کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے چیئرمین نیوٹیک سید جاوید حسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ساجد بلوچ کو اس پروگرام کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔











