سٹیٹ بینک نے جرمنی کے ساتھ سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر 70 روپے کا یادگاری سکہ جاری کر دیا

24

اسلام آباد۔16فروری  (اے پی پی):اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بدھ کو پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر 70 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا۔یادگاری سکے کی رونمائی مرکزی بینک کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں کی گئی جس میں پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شلاگیک، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے شرکت کی۔اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات پر روشنی ڈالی اور آنے والے دنوں میں ان کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ سکے دونوں ممالک کے خوشگوار تعلقات کی گواہی دیتا ہے اس کے علاوہ کئی شعبوں میں ان تعلقات کو برقرار رکھا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی افہام و تفہیم ہے۔انہوں نے کہا کہ پراعتماد سیاسی مکالموں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان دوروں اور سیاحوں کی آمد میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام کے درمیان رابطے مزید فروغ پائیں گے کیونکہ موجودہ موسم بہار کے دوران وزیر اعظم پاکستان کے جرمنی کے دورے کی توقع ہے انہوں نے مزید کہا کہ جرمن وزیر خارجہ بھی جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ 60 سالوں سے تجارت، فنانس اور بینکنگ سمیت مختلف شعبوں میں دیرپا دو طرفہ تعلقات سے استفادہ کر رہے ہیں۔سفیر نے جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جرمنی کی سماجی خوشحالی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار سفارتی تعلقات ہیں جو 1951 میں قائم ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی سمیت معیشت کے مختلف شعبوں جن میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضبوط تعلقات استوار کئے۔دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور دفاعی تعاون سمیت دیگر شعبوں میں بھی مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خارجہ نے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپی یونین میں پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی تجارتی منزل ہے اور قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک دیرینہ دوستانہ دوطرفہ تجارتی اور سفارتی تعلقات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی بھی فرینڈز آف پاکستان فورم کا رکن ہے۔مالیات اور سرمایہ کاری کے معاملے میں، دونوں ممالک نے مضبوط تعلقات استوار کیے ہیں اور باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آسان بنانے اور فروغ دینے اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے متعلقہ بینکنگ چینلز قائم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 2 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی، جرمنی میں مقیم پاکستانیوں نے 2.7 بلین ڈالر سے زائد کی رقم بھجوائی جس نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک علم اور تجربات کے تبادلے سے ایک دوسرے سے مستفید ہو رہے ہیں کیونکہ اسٹیٹ بینک کے تقریباً 69 افسران نے جرمنی میں مختلف تربیتی پروگراموں میں حصہ لیا، انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبائی دور میں یہ تعلقات متاثر نہیں ہوئے۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے جرمنی کے سفیر کو یادگاری سکہ پیش کرنے کے علاوہ ڈاکٹر روتھ فاؤ کی شاندار خدمات پر انہیں یادگاری سکہ بھی پیش کیا۔