ملتان، 17 فروری (اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ریکوری اہداف حاصل نہ کرنے والے ریونیو افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ سمیت سرکاری واجبات کی ریکوری کیلئے ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ریونیو اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کی قانونگوئیاں واپس لے لی جائیں گی۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی صدارت میں ڈویژن کا ریونیو جائزہ اجلاس ہوا، ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے ریونیو کارکردگی پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ملکیتی انتقال،اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلئیر کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو نے سرکاری ریکوری کیلئے خصوصی مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دیا ہے ، زرعی انکم ٹیکس کے نادہندگان کی جائیدادوں کو بلاک کیا جائے اور نادھندگان کے نام اور پراپرٹی ریکارڈ پر نوٹس جاری کئے جائیں۔
بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ریونیو کورٹس میں زیرالتواء کیسز کی فوری تکمیل کی جارہی ہے ، ریونیو افسران کھلی کچہریوں کے ذریعے موقع پر ریلیف فراہم کررہے ہیں اور
ہا ڈویژن کے 81 قانون گوئیوں پر دیہی مرکز اور 560 پٹوار سرکل میں 306 دیہی مرکز مال مکمل فعال ہیں ، ڈویژن میں 11051.08 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی ہیں اور 190 ایف آئی آر درج، 166 افراد گرفتار کئے گئے ہیں اور ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موصول 18417 شکایات حل کی گئیں ہیں ۔ ڈویژن کے 2442 موضعہ جات میں 2230 کو آن لائن کیا جاچکا ہے اور 212 موضعہ جات کو آن لائن کرنے بارے ورکنگ شروع کی جاچکی ہے۔
ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے۔











