اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو ملک بھر کے طلبا کے لیے سکالرشپ کمپلینٹ پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سُنت پر عمل میں کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے رحمت اللعالمین سکالرشپ متعارف کرایا تاکہ نوجوان نسل کو اس انقلاب سے روشناس کرایا جا سکے جو حضور نبی کریمﷺ نے مدینہ کی ریاست میں برپا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی معاشرہ اور ریاست ان اصولوں کو اختیارکرے گی جن کی بنیاد پر مدینے کی ریاست تشکیل دی گئی، وہ خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جبر نہیں ہے ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو صحیح راستے کے بار ے میں آگاہی فراہم کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل تھا۔ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے اور اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت اس طبقے کو اوپر اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جس میں آگے بڑھنے کی صلاحیت اور جستجو ہے۔ نمل یونیورسٹی میں غریب گھرانوں کے بچوں نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا کیونکہ ان میں آگے بڑھنے کی لگن تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کے قیام سے سکالرشپس کے حوالے سے طلبا کی مشکلات اور شکایات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ حکومت کی کارکردگی کو بہتربنانے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ اب کوئی بھی بچہ ا س وجہ سے پیچھے نہیں رہے کہ وہ فیس ادا نہیں کر سکتا۔ جو بھی طالب علم اخراجات برداشت نہیں کرسکتا ، حکومت اسے سپورٹ کرے گی۔ کسی حکومت نے اتنے سکالرشپ نہیں دیئے جتنے ہماری حکومت نے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کے لئے موجودہ حکومت نے 123 ارب روپے مختص کئے ہیں جو ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں ۔ 42 ارب روپے نئی سکیموں کے لئے دیئے گئے ہیں اور 28 نئی یونیورسٹیاں بنائی گئی ہیں۔ ۚپی ایچ ڈی کے لئے 4 ہزار اور اوورسیز کے لئے اڑھائی ہزارسکالرشپ دیئے گئے ہیں۔احساس پروگرام کے ذریعے سکالرشپس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگل نیشنل کریکولم انقلابی قدم ثابت ہو گا۔ وظائف کے اجراکے حوالے سے شکایات کے ازالے کا طریقہ کار وضع کرنا بہت احسن اقدام ہے۔











