اسلام آباد،20فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا ہےکہ اقوام عالم میں اسلاموفوبیا کے انسداد کے لیے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے تمام عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
ہفتہ کوترکی کے صدارتی مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباز کی سربراہی میں وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ڈپٹی چیرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اراکین سے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسبی کے امور سمیت خطہ کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی گفتگوہوئی۔
ڈپٹی چئیرمین سینٹ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ترکی نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ برادر ملک ترکی نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا وہ قابل تحسین ہے۔اقوام عالم میں اسلاموفوبیا کے انسداد کے لیے شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے تمام عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
ڈاکٹر علی ارباز نے کہا کہ عالم اسلام کو اتحاد وحدت کی اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹرپاکستان اور ترکی نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔مسلمان ہونے کے ناطے ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں۔دین کے حوالے سے غلط معلومات مسلم اُمہ کے انتشار کا سبب بنتے ہیں ۔ ڈاکٹر علی اربازنے کہا کہ شر پسندی، دہشتگردی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل ضروری ہے۔ اسلام کی اصل تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اسلاموفوبیا کو روکا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر علی اربازنے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی چئیرمین نے کہا کہ طیب اردگان اور عمران خان عالم اسلام کے اصل ترجمان ہونے کا حق ادا کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر علی ارباز اور ان کے وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔پاکستان اور ترکی امت کے مفادات، اتحاد اور مضبوطی کے لئے دو اہم شراکت دار ہیں۔صدر اردوغان کے دورہ پاکستان اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر پاکستانی قوم میں خوشی دیدنی تھی۔پاکستان میں اقلیتیں مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہی ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد، یک جہتی اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔صدر اردوان نے اپنے اقدامات، اصلاحات اور انتظامات سے ترکی کو نیا چہرہ دیا ہے۔ مسلم اُمہ کے مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مشترکہ لائحہ عمل نا گزیر ہے۔
ملاقات میں سینیٹرز، محمد اکرم، سید صابر شاہ، اور حافظ عبدالکریم بھی موجود تھے۔











