اسلام آباد،21فروری (اے پی پی):ملک بھر میں مادری زبان کا عالمی دن (انٹرنیشنل مدرز لینگوئج ڈے) منایا جائیگا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ایجوکیشنل سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (یونیسکو)، حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور بعض دیگر غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے خصوصی واکس، سیمینارز، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
اس موقع پر اکادمی ادبیات کے زیر اہتمام پاکستان کی مادری زبانوں کا ساتواں ادبی میلہ اکادمی ادبیات اسلام آباد میں منعقد ہوا۔میلے میں 20 زبانوں کے 100 سے زائد ادیب، شاعر اور دانشور شریک ہوئے ،میلے میں مادری زبان سندھی ، پنجابی ، سرائیکی ، پشتو، توروالی ، ہندکو، پہاڑی ، براہوی ، بلوچی، پوٹھوہاری ، دمیلی و دیگر زبانوں کیساتھ ساتھ اردو کی نئی چھپنے والی کتب کو متعارف کرایا گیا۔
یاد رہے کہ 21 فروری 1952 میں ڈھاکہ یونیورسٹی میں زبان کے تنازعہ پر طلبا کے جھگڑے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے چار طالب علم جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد 17 نومبر 1999 کو یونیسکو نے انٹرنیشنل مدرز لینگوئج ڈے منانے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قرار داد منظور کروائی تھی جس کی روشنی میں 21 فروری سال 2000 کو پہلی بار مادری زبان کا عالمی دن منایا گیا تھا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریبات میں مادری زبان کے فروغ کیلئے بھی سفارشات بھی پیش کی جائیں گی۔











