تئیس سال بعدپاکستان کا کوئی وزیراعظم روس کا دورہ کررہاہے؛ چوہدری فواد حسین

27

اسلام آباد،23فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تئیس سال بعدپاکستان کا کوئی وزیراعظم روس کا دورہ کررہاہے، وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس اہمیت اختیار کر گیا ہے، دنیا کی نظریں صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دورہ روس کے حوالے سے پارٹی کو اعتماد میں لیا ہے، وزیراعظم عمران خان  کی کل صدر پیوٹن سے ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 23 سال کے بعد پاکستان سے کوئی وزیراعظم روس کے دورہ پر روانہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم کا دورہ روس اہمیت اختیار کر گیا ہے، دنیا کی نظریں صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز روس کے ٹی وی چینل ”آر ٹی” کے ساتھ انٹرویو میں اپنی خارجہ پالیسی کے خدوخال واضح کئے تھے، وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ ہم قطعی طور پر کسی گروپ کا حصہ نہیں بننا چاہتے، نہ ہی یہ ہماری پالیسی ہوگی، ہم اپنی آزادانہ  خارجہ پالیسی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کے عالمی کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا، ہمارا نکتہ نظر بالکل درست نکلا، جب اشرف غنی برسراقتدار تھے تو ہم نے انہیں بارہا کہا کہ اس وقت انتخابات کو چھوڑ کر جامع حکومت کی طرف جائیں، اشرف غنی کو باور کرایا تھا کہ اگر انہوں نے صورتحال ٹھیک نہ کی تو وہ زیادہ دیر نہیں چل سکیں گے، اس کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی، اس میں ہم کہہ رہے ہیں کہ افغانستان کے عوام کی فکر کی جائے، غذائی اور معاشی بحران میں انہیں سہارا دینے کی ضرورت ہے۔