سوا چار کروڑ خاندان صحت سہولت پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں ؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

13

اسلام آباد، 24 فروری (اے پی پی ): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ  260 ارب روپے کے احساس پروگرام کے تحت سماجی تحفظ کے 34 پروگرام چل رہے ہیں،سوا چار کروڑ خاندان صحت سہولت پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں،کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ہنر اور  10 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کر رہے ہیں۔

جمعرات کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کاروباری شعبے میں بھی سب کو ساتھ لیکر چلنا ایک اچھی روایت  ہے ، وزیراعظم عمران خان نے سماجی تحفظ اور صحت کے شعبے کے لئے مثالی اقدامات اٹھائے،اب ایک کنیکٹنگ فورم ناگزیر ہے ، ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے حکومتی ویژن کو سماجی خدمت کے ساتھ منسلک کیا،260ارب  روپے کےاحساس پروگرام کی چھتری تلے 34 سماجی تحفظ کے پروگرام چل رہے ہیں،پہلی مرتبہ 45ہزار  روپے سے کم آمدن پر احساس پروگرام کے تحت 92ہزار طلباء و طالبات کو سکالرشپ دیئے ہیں، صحت انصاف کارڈ ہمارا فلیک شپ پروگرام ہے،10لاکھ روپے تک فری علاج ممکن بنایا۔

 وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام متعارف کرایا گیا ، آسان شرائط پر 10لاکھ روپے تک قرض دیا جارہا ہے، سکل فار آل کےذریعے نوجوانوں کوتربیت دے رہے ہیں، اب تک 2 لاکھ سکالرشپ دے چکے ہیں۔