دو دہائیوں بعد پاکستانی وزیرِ اعظم کا دورہ روس ، صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا

28

اسلام آباد، 24 فروری  (اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کی خصوصی دعوت پر روس کے 2 روزہ سرکاری دورہ پر بدھ کو ماسکو پہنچے، وزیرِ اعظم عمران خان دو دہائیوں کے بعد پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم ہیں جو روس کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ایئرپورٹ آمد پر روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مور گولٹو نے استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

صدر پیوٹن سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں پاک روس  دوطرفہ تعلقات خصوصاً توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوئی جبکہ اسلاموفوبیا اور افغانستان کی صورتحال بھی زیر غور لائی گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے اہم روسی قیادت روسی سرمایہ کار اور تاجروں نے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ  وزیراعظم عمران خان سے روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوویک کی بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،  اسد عمر اور حماد اظہر سمیت مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر قومی سلامتی معید یوسف بھی شریک تھے ۔

وزیراعظم عمران خان نے   ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد و اسلامک سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعظم نے دوسری جنگ عظیم کے  دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے روسی فوجیوں کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فوجی دستے نے وزیراعظم کی آمد پر مارچ پاسٹ کیا اور انہیں سلامی پیش کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیر اعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا،کریملن میں ہونے والی ملاقات 3 گھنٹے سے زائد دورانیے پر محیط رہی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے گیس پائپ لائن منصوبے کو ملکی معاشی ترقی کے لیے فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا اور روس کے ساتھ طویل المیعاد اور کثیر الجہتی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم  نے  افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات پر زور دیا گیا۔انہوں نے  روس اور یوکرین کے معاملات سفارتی سطح پر حل کئے جانے کی توقع رکھتے ہیں ۔