کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت چین اور روس جیسی سپر پاورز وزیراعظم عمران خان کی قیادت کو سراہا رہی ہیں؛ ملک امین اسلم

61

اٹک،25 فروری ( اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت چین اور روس جیسی سپر پاورز وزیراعظم عمران خان کی قیادت کو سراہا رہی ہیں، بلین ٹری منصوبہ پاکستان کی پہچان ہے اور دنیا بھر میں اس اہم منصوبے کو سراہا گیا ہے،پاکستا ن موسمیاتی تبدیلی کے لحاظ سے پانچویں نمبر ہے اور اس ضمن میں اس کی عالمی درجہ بندی میں تبدیلی اور بہتری کے لیے کو ششیں جاری ہیں۔ ملک میں 33.1 فیصد رقبے پر جنگلات ضروری ہیں جبکہ پاکستان میں صرف5 فیصد رقبے پر جنگلات موجود ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل حضرو کے گائوں برہ زئی میں موسم بہارکے سلسلے میں شجر کاری مہم کا افتتاح کر تے ہوئے کیا۔ شجر کاری مہم کے سلسلے میں غازی بر وتھہ پروجیکٹ پر پودے لگائے گئے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ درخت لگانا صدقہء جاریہ ہے اور اس میں ہر خاص و عام کو حصہ لینا چاہیے۔ اس سال موسم بہارکی شجر کاری مہم میں 30 لاکھ سے زائدپودے لگائے جائیں گے۔جن میں غازی بھرو تھہ میں 10 لاکھ،نجی زمینوں پر ساڑھے نو لاکھ،دفاعی زمینوں پر دو لاکھ،دیگر سرکاری اداروں میں ایک لاکھ پانچ ہزار اور ڈرائی فاریسٹیشن کے تحت گیارہ لاکھ پودے شامل ہیں۔

معا ون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا کہ اس سال اٹک میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں ملک بھر میں 54 کر وڑ پودے لگائے جائیں گے۔انہوں  نے کہا کہ موجودہ شجرکاری مہم کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے اس کے علا وہ تمام پودوں کی دیکھ بھال اور افزائش کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ اس مہم کا سب سے اہم مقصد ارض پاک کو سر سبز و شاداب بنانا ہے تاکہ ملک سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ اس مہم میں تعاون کر یں تاکہ ملک پاکستان کو خوب صور ت بنایا جاسکے۔

معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی متحرک قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت چین اور روس جیسی سپر پاورز بھی ہمارے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا رہی ہیں۔

عوامی ترقی کے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ملک امین اسلم نےکہا کہ ہیلتھ کارڈ اور پاکستان ہائوسنگ سکیم موجودہ حکومت کے انقلابی اقدامات ہیں۔ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہر شہری کو دس لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس حاصل ہو گی جب کہ پاکستان ہائوسنگ سکیم کے تحت کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھر کا حصول ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے کہا کہ آج اٹک میں ہر جگہ واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائےگئے ہیں جس کے ذریعے عوام کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ضلع کی ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔علاقے میں نوجوانوں کے لیے دس کرکٹ گرائونڈز قائم کیے جارہے ہیں۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ ہمارےملک کے معاشی اشارئیے درست سمت میں ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی موثر قیادت میں بہت جلد ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ممکن بنایاجا سکے گا۔

 تقریب میں ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم،اسسٹنٹ کمشنر حضرو زوہیب احمد انجم ،چیف کنزرویٹر جنگلات شاہد رشید اعوان ،ڈی ایف او اٹک عامر عباس بھی موجود تھے۔