وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو مسلم ممالک اور عالمی سطح پربہترین مقام ملا ہے؛وفاقی وزیرہوابازی غلام سرورخان

28

راولپنڈی،25فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو  مسلم ممالک اور عالمی سطح پربہترین مقام ملا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو سینٹ کی طرح قومی اسمبلی میں بھی تحریک عدم اعتماد پر منہ کی کھانا پڑے گی،پاکستان تحریک انصاف نے انتقام کی سیاست کرنے کے بجائے فلاحی اورترقیاتی کاموں پر توجہ دی جس وجہ سے آئندہ انتخابات میں ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف ملک بھر میں کامیاب ہوگی اوراگلی حکومت بھی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرغلام سرورخان نے کہا کہ ماضی میں انتقام کی سیاست کے دوران کارکنوں نے  استقامت کا مظاہرہ کیا اور2018 کے انتخاب میں یہاں سے بھاری اکثریت سے جیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انتقام اور کرپشن کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے،ساڑھے تین سال میں کسی سیاسی مخالف کے خلاف پرچہ نہیں کروایااورخدمت کی سیاست کو منشور بنایا۔

 غلام سرورخان نے کہا کہ حلقہ این اے 59 میں صحت،  تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ہم نے جھوٹ منافقت کی سیاست کا مقابلہ کیا اوراس  ملک میں جس طرح کی سیاست مسلم لیگ نواز نے کی، ملک  کو لوٹا گیا اوراس ملک کے غیور عوام دوبارہ ان کو موقع نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کہہ رہی ہیں عدم اعتماد لے کر آئیں گے،ہم تو کہتے ہیں لے کر آئیں اور تحریک عدم اعتماد صوبے میں ،مرکز میں لائیں ہم مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کی طرح قومی اسمبلی میں بھی اپوزیشن جماعتوں کومنہ کی کھانا پڑے گی کیونکہ پی ٹی آئی کا ہر رکن  اور اتحادی عمران خان کے ساتھ ہیں اور پی ٹی آئی پانچ سال پورے کرے گی، کارکردگی کی بناء پر آئندہ بھی الیکشن جیتیں گے۔

غلام سرورخان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو  مسلم ممالک اور عالمی سطح پر جو مقام ملا ہے، پہلے کبھی نہیں ملا اوروزیر اعظم عمران خان نے ایک ماہ میں چین اور روس جیسی دو سپر پاور کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے جرأت سے  امن کی بات کی اورپاکستان پہلے سے زیادہ طاقت ور بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کورونا وائرس کی وجہ سے مہنگائی عالمی سطح پر ہوئی ہے اورپاکستان بھی متاثر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا گزشتہ 35سال سے اس حلقہ کی عوام تعلیمی اداروں سے محروم رہی، گیس نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کی عوام مشکلات کاشکاررہے مگر تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ہم نے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعمیر وترقی کے متعدد صوبوں پر کام شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ اس حلقہ کی عوام آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دے کر عمران خان کو ایک بار پھر پانچ سال کے لئے وزیراعظم بنائیں گے۔

اس موقع پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے منصور حیات خان، اراکین صوبائی اسمبلی حاجی امجد، واثق قیوم، مرتضیٰ ستی،عمادصدیق،اعجازانورچوہدری اور پی ٹی آئی راولپنڈی کے قائدین و کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔