پوری دنیا پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، پاکستان ساری دنیا سے اچھے مراسم چاہتا ہے لیکن کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے ؛ وفاقی وزیر اسد عمر

25

اسلام آباد،26فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں تین نئے بڑے ہسپتال اور چار کالج بنا رہے ہیں،قومیں کردار اور نظریے سے بنتی ہیں ، ہمارے ملک میں ایسے حکمران آئے جنہوں نے قوم کےلئے  نہیں اپنی ذات کے لئے سیاست کی، پوری دنیا پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، پاکستان ساری دنیا سے اچھے مراسم چاہتا ہے لیکن کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جھنگی سیداں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سڑکوں، کالجوں اور سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھا رہے ہیں، اسلام آباد میں تین نئے سرکاری ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں، نئے چار کالجوں کے قیام پر کام جاری ہے، بنیادی صحت کے چار مراکز پر کام جاری ہے،جھنگی سیداں سمیت دو مراکز صحت پر جلد کام شروع ہو گا، اسلام آباد میں صحت کا پورا نظام تبدیل کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ان ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترقیاتی فنڈز کی منظوری دی جن کیلئے ان کے شکرگزار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ قومیں سڑکوں اور پلوں سے نہیں بنتیں بلکہ نظریہ سے بنتی ہیں، ہم جب اقتدار میں آئے تو ملکی معیشت بحران کا شکار تھی، ماضی کے حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے سیاست کی، انہوں نے اپنی چوری کی گئی دولت بیرون ملک بینکوں میں رکھی ، جب خود داری ختم ہو گئی تو وہ اپنے ملک کا مقدمہ کیسے لڑتے، اس کے اثرات کاروبار، معیشت اور بیرون ملک سرمایہ کاری پر بھی مرتب ہوتے ہیں، انہوں نے اپنے اقتدار کیلئے پوری قوم کا سودا کیا، موجودہ دور حکومت میں نیا پاکستان بنا ہے۔

وفاقی وزیر   اسد عمر  نے کہا کہ نئے پاکستان میں ڈو مور کا جواب ابسولیوٹلی ناٹ ہوتا ہے، ہم کسی کے سامنے سر جھکانے کیلئے تیار نہیں ہیں، دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، امن کے فروغ کیلئے سب کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سردیوں کی بیماری ہے جو کہ سردیوں میں شروع ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ختم ہو جاتی ہے، یہ مارچ کے بعد ختم ہو جائے گی، لانگ مارچ کا  ان کا مقصد کیا ہے، کیا یہ چوری کئے گئے ڈالرز اور دولت کا تحفظ چاہتے ہیں، شہباز شریف، نواز شریف اور زرداری کے خاندان نے کبھی ملک میں علاج نہیں کرایا، صحت انصاف کارڈ سے ہر پاکستانی کو 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جا ر ہی ہے، چاہتے ہیں کہ غریب اور امیر ایک ہی ہسپتال سے علاج کرائیں۔

 وفاقی وزیر   نے کہا کہ اپوزیشن کبھی وزیراعظم ، کبھی سپیکر قومی اسمبلی اور کبھی وزیر اعلی پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی بات کرتی ہے لیکن یہ ایسا کچھ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ 18 اگست 2023ء تک عمران خان ہی وزیراعظم رہیں گے، اس کے بعد آئندہ انتخابات میں وزیراعظم عمران خان تاریخ میں پہلی بار تواتر کے ساتھ دوسری بار الیکشن جیت کر دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوں گے، وزیراعظم عمران خان  سچے اور محب وطن لیڈر ہیں، وہ قوم کا درد رکھتے ہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سن لیں تحریک انصاف سندھ آ رہی ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سندھ پہنچ چکے ہیں اور میں بھی آ رہا ہوں۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد