اٹک،26فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی ون اٹک میں صحت اور دیگر شعبوں میں کافی کام کرچکے ہیں، اب میری کوشش ہے کہ اٹک میں زراعت کے شعبے کی طرف توجہ دوں جس کے لیے ہم ادارہ برائے بارانی دیہی ترقی (آباد) سے مل کر کام کرینگے کیونکہ ہمارا علاقہ بارانی ہے اور محکمہ آباد کے جو پراجیکٹ ہیں وہ بارانی علاقوں کے لیے بے حد مفید ثابت ہوئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ برائے بارانی دیہی ترقی (آباد) کی جانب سے ضلع کونسل سٹیڈیم اٹک میں منعقد بارانی میلے سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اپنے ضلع کے کسانوں کے لیے (آباد) کے ساتھ مل کر کام کریں جس سے ہمارے ضلع کے کسان کو فائدہ پہنچے، اسی طرح ہمارے ضلع میں الحمدللہ بارشیں بھی کافی مقدار میں ہوتی ہیں، قدرتی چشمے بھی موجود ہیں اور اکثر بارش اور چشموں کا پانی ضائع ہوجاتا ہے۔
یاور بخاری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس پانی کو محفوظ کرنے کے لیے چھوٹے ڈیم بنائے جائیں اور فصلوں کے بیج کو بھی بہتر انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ ذیادہ مقدار میں فصلیں حاصل ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری خصوصی دعوت پر (آباد) اٹک کے لیے زراعت کے شعبے میں بھی کام کریگا اور انشاءاللہ امید ہے کہ ہم اس کاوش میں کامیاب ہونگے اور ہمارا کسان خوشحال ہوگا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (آباد) حیدر علی سندرانی، لاہور سے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افسران اور اٹک کے سرکاری اداروں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس، اٹک











