کندھ کوٹ،27فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق اور قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے والے، عوام کے مفادات کا سودا کرنے والے، غریبوں پر ظلم اور دوسروں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے والے شیطانی ذہنیت رکھتے ہیں ، بلاول بھٹو تحریک انصاف حکومت سے تین سال کا حساب مانگ رہے ہیں، بلاول بھٹو سے کہتا ہوں کہ آپ سندھ کے عوام کو پندرہ سالوں کا حساب دیں، تحریک انصاف نے سندھ میں ہر بچے کو تعلیم اور صحت دینے کا عزم کر رکھا ہے، سندھ دھرتی کے عظیم لوگوآج فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے، پیپلزپارٹی سے نجات حاصل کرنے اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے فیصلہ کرو۔
وہ اتوار کو کندھ کوٹ میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ارباب غلام رحیم کو مبارکباد دیتا ہے جنہوں نے بحیثیت وزیراعلی کشمور کو کندھ کوٹ ضلع کا درجہ دیا تھا، کشمور کی عوا م کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہے، ڈومکی خاندان طویل عرصے سے علاقے کی خدمت کر رہا ہے، ڈومکی خاندان کا حضرت بہاولدین ذکریا کے ساتھ روحانی رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءاور 2018ءمیں مجھے تھر سے ہرانے کیلئے سندھ حکومت نے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا، ہارنے کے بعد میں الیکشن کمیشن سے پندرہ دن تک نتیجہ مانگتا رہا لیکن مجھے نتیجہ نہیں ملا اور 32 پولنگ اسٹیشنوں کے ریکارڈز جلا دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہارنے کے باوجود تحریک انصاف حکومت نے تھرکے مستحقین کو صحت کارڈ دلوائے، آج تھر سندھ کا واحد ضلع ہے جہاں پر لوگوں کو علاج کی مفت سہولت دستیاب ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کندھ کوٹ انڈس ہائی وے دو صوبوں کو ملاتی ہے، میں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید سے انڈس ہائی وے کی تعمیر کے حوالے سے بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں سب سے قیمتی چیز پانی ہے، یہاں کے لوگوں کو پانی کی فراہمی کیلئے ٹینڈر کروا لیا ہے، ہم وفادار لوگ ہیں، وفا کا بدلہ وفا اور جفا کا بدلہ جفا سے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں خیبرپختونخوا نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دے کر ایک بڑا فیصلہ کیا، پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر کے پی کے لوگوں نے تحریک انصاف کو پہلے سے زیادہ ووٹوں سے دوبارہ کامیابی دلوائی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کو ہراکر اپنی حکومتیں قائم کیں، سندھ کے لوگو وقت آ گیا ہے کہ آپ بھی سندھ میں تبدیلی، محکومی کی زنجیروں کو توڑنے کیلئے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ کرو، پیپلزپارٹی نے سندھ کے لوگوں کا دل توڑا، تم انہیں مسترد کردو اور سندھ کو جوڑ دو۔ انہوں نے کہا کہ نواب شاہ بنڈبرادری کے چھ لوگوں کو قتل کیا گیا، ان کی لاشیں سڑک پر پڑی رہی لیکن سندھ حکومت کی طرف سے کوئی بھی ان سے اظہارہمدردی کرنے نہیں گیا، ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
سورس:وی این ایس، سکھر











