جہانگیر ترین اور علیم خان پی ٹی آئی کی مضبوط ترین شخصیات اور پارٹی کا حصہ ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

30

اسلام آباد۔7مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کو ٹیلیفون کر کے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے تنازعہ میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے، وزیراعظم اس پر عملی اقدام اٹھائیں گے، جہانگیر ترین اور علیم خان پارٹی کے مضبوط لوگ ہیں، لوگ اپنی سیاست کرتے رہتے ہیں، مقامی اور پارٹی کے اندر سیاست ہوتی رہتی ہے، پشاور واقعہ کے ملزمان تک ہم پہنچ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ملکی سیاسی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر غور ہوا، اجلاس میں پشاور واقعہ پر بریفنگ دی گئی، پشاور واقعہ کے ملزمان تک ہم پہنچ گئے ہیں، ہماری فورسز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت جلد ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلانر سمیت تمام ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کو یورپی یونین کے صدر نے ٹیلیفون کال کی، یورپی یونین کے صدر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ یوکرین اور روس تنازعہ میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے صدر کی وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر بات چیت بڑی پیشرفت ہے، وزیراعظم عمران خان اس پر عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں سیاست میں ہمیشہ کچھ نہ کچھ لگا رہتا ہے، یہ بلبلہ بہت جلدی پھٹ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان ہماری پارٹی کے مضبوط لوگ ہیں، وہ ہماری پارٹی کا حصہ ہیں۔ پارٹی کے اندر سیاست ہوتی رہتی ہے اور وہ اپنی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی ایم پی ایز کی ان کے ساتھ ہمدردیاں، دوستیاں اور پرانے تعلقات ہیں، وزیراعظم عمران خان سے علیم خان اور جہانگیر ترین کے قریبی تعلقات ہیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ لوگ اپنی سیاست کرتے رہتے ہیں، مقامی سطح پر اور پارٹی کے اندر سیاست ہوتی رہتی ہے۔