ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ساغر حسین صدیقی کی میرپورخاص آمد،حیسکو سے متعلقہ شکایات سنیں

69

میرپورخاص،08مارچ ( اے پی پی):  ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ساغر حسین صدیقی نے میرپورخاص پہنچ کر درخواست گزار سائلین سے حیسکو سے متعلقہ شکایات سنی اور فوری طور پر فیصلے کر کے جائز مسائل حل کئے جبکہ نادرا دفتر کا اچانک دورہ بھی کیا۔

 محتسب سندھ میرپورخاص کے دفتر میں ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب ساغر حسین صدیقی نے حیسکو کے خلاف ملنے والی درخواستوں کی سماعت کی، سائیلین سے انکی شکایات سن کر وہاں موجود ایکس ای این حیسکو سے فوری مسائل کے حل کا حکم جاری کیا ۔انہوں نے ایک درجن سے زائد کیسز پر فیصلے سناتے ہوئے حیسکو کی جانب سے لگائے گئے، ہزاروں روپے کے جرمانے اور  زائد یونٹس کو فوری ختم کرکے اصل بجلی کے بل جاری کرائے، ساتھ ہی حیسکو افسر کو ہدایت کی کہ اپنے میٹر ریڈرز کو اصل ریڈنگ درج کرنے کو کہیں۔

بعد ازاں وفاقی محتسب ریجنل ہیڈ ساغر حسین نے نادرا دفتر کا اچانک دورہ بھی کیا جہاں شناختی کارڈ سمیت دیگر دستاویزات بنوانے کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے مذکورہ دفتر میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے دریافت کیا، معمولی شکایت پر نادرا آفسر کو بھی ہدایت جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر ممکن طریقہ اختیار کر کے تشہیر کرنے کی کوشش کرتا ہوں کہ وفاقی اداروں میں بد دیانتی پر مبنی واقعات رونما ہو رہے ہیں تو ہمیں درخواست لکھیں ہم انکی شکایات سننے انکے اپنے علاقے میں آئیں گے۔