اسلام آباد،08 مارچ (اے پی پی): خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منگل کو یہاں شالیمار کرکٹ گراونڈ میں “بلائینڈ ویمن کرکٹ چیمپئن” شپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان سے کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چیمپئن شپ کے ساتھ ساتھ تربیتی کیمپ بھی لگایا گیا ہے جہاں بصارت سے مکمل اور جزوی محروم نوجوان خواتین کرکٹرز کو تربیت دی جائیگی۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آۓ ہوۓ “کرکٹ آسٹریلیا” کے سی ای او ِ، نک ہاکلے اور “آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن” کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا جبکہ آسٹریلیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر جوآن فریڈرکسن اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوۓ نِک ہاکلے نے کہا کہ پاکستان آکر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کرکٹ کا کھیل معاشرے کے ہر فرد کے لئیے ہے۔
پاکستان میں باالخصوص خواتین بلائینڈ کرکٹرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ باصلاحیت خواتین مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ کا حصہ ہوں گی،تمام لڑکیاں اپنی توجہ اچھی کارگردگی پر رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو بروۓ کار لا کر اچھا کھیل پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے یہ چیمپئن شپ نابینا کرکٹرز کےمستقبل کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔
آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے بہت پیار دیا، بصارت سے محروم لڑکیوں کی کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا میں مستقبل میں ہونے اولمپکس میں کرکٹ کا کھیل بھی شامل ہوگا۔
پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے چئیرمین سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آسٹریلیا نے بلائینڈ کرکٹ کی ترقی اور چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئیے تعاون کیا ہے جس پر وہ انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آسٹریلیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر جوآن فریڈرکسن نے بصارت سے محروم نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ چوبیس سال کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان دورہ کرنا بھی بہت خوش آئند ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئن شپ کے شرکاء کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کی قومی بلائنڈ ویمن ٹیم کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ آسٹریلیوی ہائی کمیشن نے پاکستان بھر سے نابینا خواتین کے تربیتی کیمپ اور ٹورنامنٹ کو سپانسر کیا ہے، یہ چیمپئن شپ چھ روز تک جاری رہے گی۔











