ملتان، 14 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ خطے کی ثقافت ہماری پہچان ہے، ثقافت کی ترویج کےلیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پنجاب کے ثقافتی دن کے حوالے سے ملتان آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب کی دھرتی ثقافتی اعتبار سے بہت زرخیز ہے، فن و ثقافت کے فروغ کےلیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل چوہدری طاہر محمود نے کہا کہ آرٹس کونسل فن و ثقافت کی ترویج کےلیے بھرپور کام کر رہا ہے، مستقبل میں بھی ملتان کے عوام کو معیاری تفریح فراہم کریں گے۔
تقریب میں مقامی کھابوں اور دستکاری کے سٹالز لگائے گئے جنہیں شائقین نے خوب سراہا۔ بچوں کےلیے پتلی تماشہ اور میجک شو بھی کرائے گئے جنہیں زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ سکولوں کے ننھے بچوں نے خاکے بھی پیش کیے۔ اس کے علاوہ ثقافتی رقص پیش کیا گیا جس میں گھوڑا ڈانس، ڈاچی ڈانس اور ملتانی جھمر نے شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
موسیقی کی محفل میں نوجوان فنکاروں شہاب خان، محمد نوید جانی اور حسن عباس کے علاوہ فوک گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شائقین عش عش کر اٹھے۔ فوک گلوکاروں میں نینسی انجلینا، ثوبیہ ملک اور شہزادہ آصف علی نے لوک گیت گائے۔











