لاہور ، مارچ 15(اے پی پی): امریکن قونصل جنرل لاہور ولیم میکانیول نے کہا کہ پنجاب میں انگلش زبان کی ترویج اور انگلش ٹیچرز کو انگلش سیکھنے میں مدد دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ مقامی ہوٹل میں میں انگلش ورکس کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے لاہور گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے اسٹوڈنٹس اور اساتذہ کو کامیابی سے چھ ماہ کے انگلش کورس کو مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ میں لاہور انسٹی ٹیوٹ آف فیوچر ایجوکیشن کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ پروگرام ترتیب دینے میں ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ انگلش ورکس چھ مہینے کا پروگرام ہے جس کی ذریعے تعلیم، کام اور زندگی میں عملی طور پر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے لوگوں میں لیڈرشپ کی خصوصیات ، سوچ کے نئے انداز، کلچرل ہم آہنگی، جاب ہنٹنگ اور کاروبار میں فروغ جیسے معاملات میں مدد ملے گی جس کے ذریعے آپ معاشی طور پر خوشحال ہو سکیں گے اور اس طرح آپ پاکستان کو خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔











