اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نہ کبھی جھکا ہے نہ بکے گا، اپوزیشن کو عدم اعتماد کی بجائے عام انتخابات میں جا کر مقابلہ کرنا چاہیے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں پاکستان کی خارجہ پالیسی مزید بہتر ہوئی، کشمیر کے تنازعہ کو ہر فورم پر دلیرانہ انداز میں اٹھایا گیا، پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوئے، آزاد کشمیر کے عوام تحریک انصاف کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ منگل کو جموں و کشمیر ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ صحافی برادری نے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا ہے، پاکستان میں کوئی بھی قومی معامہ ہوتا ہےٍ، اس سے ہم الگ نہیں رہ سکتے، ملک اور قوم کے مفاد کی بات کو ترجیح دینی چاہیے، عمران خان نے ملک اور قوم کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔ عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کاز کیلئے جو کام کئے اس سے کشمیری ان کے معترف ہیں، افغانستان کے حوالے سے اِ ن کیمرا اجلاس میں بھی وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا ذکر کیا، اس وقت اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس ہونے جا رہی ہے، اس کا سہرا بھی عمران خان کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی خارجہ پالیسی میں کشمیر نمایاں حیثیت رکھتا ہے، حکومت نے دنیا کے ہر فورم پر موثر انداز میں یہ مسئلہ پیش کیا، کئی سالوں بعد پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوئے، تحریک عدم اعتماد میں عمران خان سرخرو ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عمران خان نے کوئی چھانگا مانگا سیاست نہیں کی بلکہ عوام سے رابطہ کیا، بڑے بڑے تاریخی جلسے کئے، ہم بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آزاد کشمیر اورپاکستان میں مقیم کشمیری ڈی چوک میں ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ چوہدری شجاعت صاحب ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، جلد خوشخبری ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ساری کابینہ میرے ساتھ ہے، کوئی گروپ بندی نہیں، گروپ بندی کے حوا لے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں، تنویر الیاس پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر ہیں، حکومت بھی ان کے ماتحت ہے، وہ پی ٹی آئی کے خلاف کوئی سازش نہیں کر یں گے۔











