پاکپتن،15 مارچ ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا ہے کہ جشن بہاراں کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ محکمے موثر اقدامات کریں،جشن بہاراں کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں، عوام کو تفریح کے بھر پور مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جشن بہاراں میں عوام کو تفریح کے بھر پور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام تفریح کے لمحات سے لطف اندوز ہو سکیں، تفریح کی سر گرمیاں آسودگی کے خاتمے کا اہم زریعہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے مختلف محکموں کی جانب سے میونسپل کمیٹی میں جشن بہاراں کے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے جشن بہاراں اورپنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ”شالا پنج دریاواں دی دھرتی سدا وسدی رہوے” پنجاب کی صدیوں پرانی روایات آج بھی ہمارے لئے باعث فخر ہیں، پنجاب کی تہذیب و تمدن ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس میں تمام رنگوں کے پھول اپنی بھرپور رعنائیوں کے ساتھ موجود ہیں، پنجاب کی ثقافت اور روایات کو نئی نسل تک منتقل کرنا لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فراخ دل، مہمان نواز اور محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ حکومتی سطح پر جشن بہاراں اورپنجاب کلچر ڈے منانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے رہنے والے اپنی ثقافت اور روایات کے امین ہیں اورپنجاب کو اپنی دھرتی، زبان،لباس اور روایات پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے جشن بہاراں اور ثقافت کے فروغ کے لئے کیے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں اور ان کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی روایات سے آگاہی حاصل ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ اپنی ثقافت سے جڑی رہنے والی والی قومیں ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں اور حکومت کی طرف سے لگائے گئے جشن بہاراں کے پروگراموں سے عوام بھر پور لطف اندوز ہوں گے۔
انہوں نے میونسپل کمیٹی میں جشن بہاراں کے سلسلہ میں مختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اورا ن کی محکمانہ کارکردگی کو سراہا اور انہیں مزید بہتر خدمات کے حصول کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر اے ڈی سی آر ماہم آصف ملک، اے سی شرجیل شاہد، سی او ایم سی ملک جاوید اسلم،رسیکیو1122 کے آفسیر عبدالقیوم نعیمی سمیت دیگرمتعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔











