ملتان؛جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ  کے زیر تعمیر منصوبے پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

46

ملتان، 17مارچ(اے پی پی):سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب نوشین ملک کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے زیر تعمیر منصوبے پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سیکرٹریٹ میں آئی جی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے مختص جگہ بھی زیر بحث لائی گئی۔

سیکرٹری سروسز نوشین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی کمپلیکس کے انٹری گیٹس اور سیکیورٹی کا الگ نظام ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ سیکرٹریٹ میں آئی جی کمپلیکس کی تعمیر کے لئے دو پلان تجویز کئے گئے ہیں،اس حوالے سے جگہ کا حتمی انتخاب جنوبی پنجاب  پولیس حکام کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

اے آئی جی پولیس جنوبی پنجاب عمران شوکت نے اس موقع پر کہا کہ پولیس حکام جگہ کے حتمی انتخاب کے لئے  آئندہ ہفتے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وزٹ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ  قطعہ اراضی محکمہ پولیس کو منتقل ہونے کے بعد منصوبے کا پی سی ون تیار کرایا جائے گا اور یہ تعمیراتی منصوبہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیوکے حوالے کیا جائے گا۔

آئی ڈیپ حکام نے اس موقع پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیر تعمیر  منصوبے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، ڈپٹی سیکرٹری کو آرڈینیشن ڈاکٹر محمد ابوبکر،انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بھی  شرکت کی۔