ملکی سالمیت و قومی غیرت پر عمران خان کوئی سودا بازی نہیں کریں گے ؛ وزیر مملکت فرخ حبیب  

62

اسلام آباد،17مارچ  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ کسی صورت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، جو لوگ ملک لوٹتے رہے، ان کا ایک ہی ایجنڈا کہ چوروں کی قومی حکومت بنائی جائے،سندھ ہاؤس میں جتنی مرضی منڈیاں لگا لیں، این آر او نہیں ملےگا، ملکی سالمیت و قومی غیرت پر عمران خان کوئی سودا بازی نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی نے واضح لکھا ہے کہ اکبر ایس بابر نے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیا،اکبر ایس بابر، مریم صفدر کے ایزی لوڈ پر چل رہے ہیں،پہلے مریم اور آج احسن اقبال آئے، ہم کہتے ہیں کہ کھل کر سامنے آئیں،ن لیگ اپنے پارٹی اکائونٹس کا ریکارڈ لیکر آئے، ن لیگ نے امریکا  اور برطانیہ میں پارٹی کو بطور لمیٹڈ کمپنی کیوں رجسٹرڈ کرایا  ۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ آج ان کو توشہ خانہ کیس یاد آرہا ہے، نواز شریف کس قانون کے تحت توشہ خانہ کی بی ایم ڈبلیو کیوں گھر لے کر گئے، توشہ خانہ سے سابقہ وزیراعظم ہار لیکر چلے گئے، زرداری جو کچھ لیکر جاتے رہے ہیں وہ سب ٹھیک تھا؟ فضل الرحمان ہر اتحاد میں ڈیزل کے پرمٹ لیتے رہے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مک مکا کی قومی حکومت بنی ہوئی تھی، تین،تین بار وزرارت اعلی کے مزے لینے کے بعد پیٹ نہیں بھرتا تو مسئلہ کچھ اور ہے۔

فرخ حبیب نے کہاکہ یہ چاہتے ہیں کہ چوروں کی قومی حکومت ہو اور اس میں عمران خان نہ ہو، الیکشن کمیشن کو گیلانی کے بیٹے کی وڈیو، زرداری کے بطور سوداگربننے پر نوٹس لینا چاہیے، عمران خان نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا تو اس پر بھی تنقید کی جارہی ہے،کیا عمران خان بھی ان کی طرح تحریری اجازت دیتے، اگر ہمیں ایبسلوٹلی  ناٹ کی سزا دینی ہے تو ہم بھگتنے کے لئے تیار ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ غلامی اور بوٹ پالش کرنے والے کون ہیں؟۔

وزیر مملکت نے کہاکہ زرداری،شہباز اور فضل الرحمان جو مرضی ہے کر لیں، ان کی ہر سازش ناکام ہوگی،اسلاموفوبیا، ناموس رسالت ﷺپر عمران خان نے دنیا کی توجہ حاصل کر لی ہے،اپوزیشن اسی سے خائف ہے،بیرون ممالک سے فنڈنگ لینے والے ایبسلوٹلی  ناٹ نہیں کہہ سکتے اور نہ ہی مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں ۔انہوں  نے کہاکہ جس جس نے فنڈنگ لی وہ اپنی شادیوں پر مودی کو بلاتے ہیں، ہم انشاء اللہ سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائوس میں غیر قانونی امور کا بغور جائزہ لے رہے ہیں،قانون کی حاکمیت قائم ہوگی،تمام آپشنز کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔

فرخ حبیب نے کہاکہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں تو حکومت چل رہی ہے۔گیلانی سٹیٹ بینک قانون پر غائب کیوں تھے،  اس کا ابھی تک جواب نہیں دیا، جاوید لطیف نے خود ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کیا ہے، میڈیا بھی ان سے سوال پوچھے کہ   ایسا غیر آئینی کام  کیوں کررہے ہیں۔انصارامہ 2019 میں کالعدم قرار دی جاچکی ہے، آئین کا آرٹیکل 200 واضح کرتا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت ملٹری،پیرا ملٹری یا پرائیویٹ ملیشیا نہیں رکھ سکتی۔انہوں نے مزید کہاکہ آج تک پارلیمنٹ لاجز سے کوئی ایم این اے اغوا نہیں ہوا، یہ چاہتے ہیں کہ ایک بار پھر چھانگا مانگا لگائیں۔