پاکپتن،17 مارچ (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ڈاکٹر معین مسعود نے امروز پاکپتن کا دورہ کیا۔انہوں نے ڈی پی او آفس پاکپتن میں تمام برانچز ہائے کے ریکارڈ کی انسپکشن کی اور ڈی پی او پاکپتن کے ہمراہ تھانہ فرید نگر کا بھی دورہ کیا اور ریکارڈ چیک کیا اور مال خانہ بھی گئے ۔انہوں نے مال خانہ میں موجود مال مقدمات اور ریکارڈ کو چیک کیا اور مال خانہ انچارج کو ہدایات دیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال نے تھانہ صدر پاکپتن کا بھی دورہ کیا اور تھانہ کے سٹاف سے میٹنگ کی۔ڈی پی او پاکپتن نصیب اللہ خان اور ڈی ایس پی صدر سرکل ضیاء الحق اور ایس ایچ اوز صدر سرکل بھی میٹنگ میں آر پی او کے ہمراہ تھے۔
آر پی او ساہیوال کا کہنا تھا کہ میٹنگ کا مقصد پولیس افسران و ملازمین میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے،جدید تکنیکی ذرائع کے استعمال سے اشتہاری مجرمان عدالتی مفروران کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں،اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و ملازمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فرائض منصبی کی انجام دہی میں کوتاہی اور سستی دکھانے والے پولیس افسران و ملازمان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی،تمام پولیس افسران و ملازمان کی کارکردگی کو چیک کیا جائے گا اور کارکردگی کے حساب سے سزا اور جزا دی جائے گی۔











