لاہور، 17مارچ(اے پی پی): ایکسپو سنٹر لاہور میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی “سمیڈا” کےزیر انتظام قومی نمائش ویکسنیٹ-2022 منعقد کی گئی۔ نمائش کا افتتاح بیگم گورنر پروین سرور نے کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور 30 سٹالوں پر محیط پویلین میں نمائش کیلئے دور دراز کے علاقوں کی ہنر مند تاجر خواتین کی رکھی گئی ثقافتی اور علاقائی مصنوعات کو سراہا۔
سمیڈا کے ویمن انٹرپریونیورشپ ڈویلپمنٹ سیل کی انچارج تانیہ بٹر کے مطابق لاہور شہر کی خواتین کو سمیڈا کے پویلین پر پاکستان کے 11 علاقوں کے 17 شہروں کی روائتی مصنوعات ایک ہی جگہ پر میسر تھیں ۔ اس لئے دن بھر خواتین کا ہمارے پویلین پر ہجوم رہا۔
اس سلسلے میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے تبصرہ کرتےہوئے کہا کہ خواتین تاجروں کیلئے قومی منڈیوں میں مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرنا نہ صرف سمیڈا کے بنیادی مینڈیٹ کا حصہ ہے بلکہ یہ ایس ایم ای پالیسی میں دیئے گئے حکومتی وژن کا بھی حصہ ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ سمیڈا نے گزشتہ ہفتے ملتان میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت منعقدہ بلیو فیئر میں جنوبی پنجاب کی 30 خواتین کی شرکت کو سپانسر کرنےکے بعد اب لاہور میں ویکسنیٹ میں بھی چھوٹی سطح کی تاجر خواتین کیلئے شرکت کے مواقع فراہم کیئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سمیڈا کے پویلین میں پاکستان کے 17 شہروں کی 52 کےلگ بھگ ایسی خواتین کو اپنی مصنوعات قومی سطح پر مارکیٹ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے جو ازخود بڑی نمائشوں میں شرکت کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سمیڈا کے پویلین میں پاکستا ن کے 17 شہروں کی خواتین تاجر اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔ ان شہروں میں قلات، کوئٹہ، کراچی، حضدار، ہر ی پور، سوات، پشاور، ڈیرہ اسمٰعیل خان، لیہ، ملتان، کراچی، لاہور، بہاولپور، اسلام آباد، ڈیرہ غازی خان، گللگت بلتستان، اور فیصل آباد شامل ہیں۔
سمیڈا کے پویلین پر خواتین تاجروں کی خواتین سے متعلقہ تیار کردہ مصنوعات کی وسیع تر اقسام رکھی گئی ہیں جن میں ہینڈ ایمبرائیڈری، ہینڈی کرافٹس، شالیں، کامدانی ورک، جیولری، ثقافتی جیولری ، علاقائی ملبوسات، مصالحہ جات، ڈرائی فروٹس، سٹیشنری، آفس سپلائیز، اور لیڈیز گارمنٹس شامل ہیں۔











