سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں ؛ صدر ڈاکٹر عارف علوی

9

اسلام آباد،18مارچ  (اے پی پی):صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ   صنعت کاروں کی مشاورت سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی ممکن ہوسکی ہے ،سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوانِ صدر میں”آسان کاروبار پروگرام” کی لانچنگ کےحوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  صدرِمملکت نے کہاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروبارمیں آسانیاں پیدا کررہے ہیں،کاروبار میں آسانی کے لیے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار سے روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پرکاروبار کے بارے میں پورٹل کے اجراء کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تجارت کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی۔ انہوں  نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ناگزیر ہے،کاروبار میں آسانی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر بورڈ آف انوسٹمنٹ اوردیگر اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اقوام اصلاحات سے ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کو فائدہ ہوگا، خواتین کو بھی ڈیجیٹل سیکٹر میں شامل کیا جارہا ہے۔انہوں نے  کہا کہ    صوبائی حکومتوں نے اس منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے جو ایک مستحسن اقدام ہے۔