گلگت بلتستان میں یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

9

گلگت،23 مارچ  (اے پی پی): ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز صوبائی دارالحکومت گلگت  میں 21توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا جبکہ تمام  مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ یوم پاکستان کے تناظر میں گلگت بلتستان بھر میں مختلف سیاسی،سماجی،عسکری اور حکومتی سطح پر  مختلف تقاریب منعقد ہوئیں۔  اس دن کی مناسبت سے گلگت گھڑی باغ سے ایک ریلی نکالی گئی جو اتحاد چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی نے اس دن کی نسبت سے پلے کارڈز، بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان ذندہ باد اور اس دن کی مناسبت سے نعرے اور تحریریں درج تھیں۔

اسی دن کی مناسبت سے ہائی اسکول نمبر 1 گلگت میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی جہاں پر مقررین نے حصول پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا والہانہ انداز میں ذکر کیا اور پاکستان کے استحکام،ترقی کیلئے ہر پاکستانی کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔