پاکپتن،24 مارچ(اے پی پی): حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ماہِ رمضان کے قریب آتے ہی ضلعی انتظامیہ نے ناجائزہ منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کر لیا ہے۔اس مقصد کے لئیے 30سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس پاکپتن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماہم آصف کی صدارت میں ہونے والے پرائس کنٹرول کمیٹی کے جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔اس مقصد کے لئیے ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں 30 سے زائد پرائس مجسٹریٹس کو تعینات کر کے خصوصی ٹاسک دے دیا ہے۔
پرائس کنٹرول کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی آر ماہم آصف کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری کسی طور بھی برداشت نہیں۔حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ناجائز منافع خوروں کے خلاف ماہِ رمضان سے پہلے ہی بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں تا کہ شہریوں کو اشیاءِ خورونوش حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔
سورس:وی این ایس،پاکپتن











