اسلام آباد،24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کے بارے میں واضح مؤقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم نے ضمیر فروشی کو روکنا ہے، پارٹی سے اختلاف ہو تو استعفیٰ دے کر انتخاب لڑنا چاہیے، کچھ سرپرائز ہیں جو آخری موقع پر سامنے لائے جائیں گے، آئین کی بالادستی کیلئے تحریک انصاف سب سے آگے ہے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمیر فروشی کو ہم نے روکنا ہے، پارٹی سے اختلاف ہو تو استعفیٰ دے کر الیکشن لڑنا چاہیے،ناراض اراکین کو تحریک انصاف کا ووٹ پڑا،پارٹی میں شمولیت کا مطلب پارٹی کا ڈسپلن فالو کرنا ہوتا ہے،کچھ سرپرائزز ہیں جو آخری موقع پر سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آئین کی بالادستی کے لئے سب سے آگےہے،ماضی میں چند پارٹیاں لوگوں کو چھانگا مانگا لے کر گئیں۔
وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف نے حکومتی وسائل استعمال کرکے لوگوں کو نہیں خریدابلکہ ماضی میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر تحریک انصاف نے 20ممبران کو پارٹی سے باہر نکال دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف میں کوئی شامل نہیں ہوا،صادق سنجرانی کے لئے ہم نے کسی سے ووٹ نہیں خریدا،عدم اعتماد کی شق ختم نہیں کرائیں گے لیکن تشریح کی ضرورت ہے۔











