نون لیگ کی جانب سے تاحال جلسے کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے؛وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

42

اسلام آباد،26مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ  نون لیگ کی جانب سے تاحال جلسے کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے ،  امن عامہ کو خطرہ ہوا  تو آئین کے مطابق فوج کو طلب کیا جا سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 27مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کا ایک تاریخی جلسہ ہوگا اور راولپنڈی سے ایک بڑی ریلی لال حویلی سے نکلے گی کیونکہ راولپنڈی کے عوام وزیراعظم عمران خان اور وفاداروں کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اپوزیشن والے بوکھلائے اور گھبرائے ہیں جس کی  وجہ سے پی ٹی آئی کی ریلی اور جلسہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراگر پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو سخت ایکشن لیاجائے گا۔

 شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات پرسختی سے عمل کریں گے جس کے مطابق سرینگر ہائی وےکو رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ امن وامان کی صورتحال کوبرقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی کے لیے دوہزار رینجرز، دو ہزارایف سی اور دو ہزار دیگر اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ملزم رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم دبئی سے عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے آرہے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے آئی جی سندھ کو احکامات جاری کردیئے ہیں اور جیسے ہی وہ پاکستان پہنچیں گے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا اور ان کا نام بھی انٹرپول اور ای سی ایل میں شامل کردیاجائے گا تاکہ جہاں بھی ہو اسے پکڑا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو ایچ نائن گراونڈ میں جلسہ کی اجازت دی گئی ہے ۔کسی  بھی جماعت کو دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگرکسی نے امن وامان خراب کرنے کی کوشش تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو فوج کو بھی طلب کیا جائے گا۔