گلگت ۔29مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت مالیاتی سال 2021-22کے بجٹ میں وزیر اعلیٰ خصوصی اقدامات کے حوالے سے خصوصی منصوبوں کی رفتار اور ان منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر محکمہ خزانہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے ان منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ اداروں میں نئے اصلاحات متعارف کرانے اور عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے خصوصی منصوبے مالیاتی سال 2021-22میں رکھے گئے ہیں، ان منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے جس کے ثمرات سے گلگت بلتستان کے عوام استعفادہ حاصل کرسکیں۔محکمہ خزانہ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ محکمہ برقیات میں سسٹم کی بہتری کیلئے 94کروڑ 6لاکھ 30ہزار روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ سسٹم کی بہتری کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں جس کی روشنی میں محکمہ برقیات کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ صوبائی سیکریٹری صحت نے کہا کہ محکمہ صحت کے شعبے میں ایمبولنسز کی خریداری کیلئے 20کروڑ، مرچری وینز کی خریداری کیلئے 5 کروڑاور ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو فعال بنانے کیلئے 70کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ایمبولنسز اور مرچری وینز کی خریداری کے عمل کو جون سے قبل مکمل کرلیا جائے گا اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو فعال بنانے کیلئے مختص رقم کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ”تعلیم سب کیلئے“ منصوبے کے تحت 45 کروڑ اور ضلعی ہیڈکوارٹرز کے سکولوں میں ای سی ڈی سنٹرز کے قیام کیلئے 5 کروڑ جبکہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل سنٹرز کیلئے 9کروڑ 88لاکھ کی رقم مختص کی گئی ہے، ان منصوبوں کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ محکمہ پولیس میں پولیس موبائلز اور ٹورسٹ پولیس کیلئے گاڑیوں کی خریداری کی مد میں 10کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جس سے پہلی مرتبہ ٹورسٹ پولیس کو جدید گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اس موقع پر کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمے میں ‘ ای ‘کامرس کے فروغ، سوفٹ ویئر بزنسز، وومن انٹرپنورز اور سٹارٹ اپس کیلئے 10 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے،محکمہ ان منصوبوں کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے اقدامات کررہاہے۔ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے اس موقع پر کہا گیا کہ قراقرم کوآپریٹیو بینک کی شیئرز کی خریداری کیلئے 10کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس کے تحت قراقرم بینک کے اضافی شیئرز کی خریداری کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ ایم ڈی نیٹکو نے اپنے بریفنگ میں کہا کہ پہلی مرتبہ حکومت گلگت بلتستان نے نیٹکو کی جانب سے مختلف بینکوں سے لئے جانے والے قرضوں کی ادائیگی کیلئے 35کروڑ 11لاکھ کی رقم مختص کیا تھا جس کے تحت نیٹکو نے بینکوں سے لئے جانے والے قرض بینکوں کو ادا کئے ہیں۔ نیٹکو کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے نئے بسوں کی خریداری کیلئے 20 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس کے تحت نئے 8بسوں کی خریداری کا عمل میں لائی جارہی ہے۔ سیکریٹری زراعت نے ا پنی بریفنگ میں کہا کہ گلگت بلتستان میں ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے 10 کروڑ کی رقم مختص کی گئی تھی محکمہ خوراک وزراعت کے تعاون سے گلگت بلتستان میں ہارٹیکلچر کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہے۔ صوبائی سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے 5 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، معاشرے میں موجود غریب طبقے کی مدد کیلئے وزیر اعلیٰ کے ویژن کے مطابق جلد سمری منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔











