اٹک ۔31مارچ (اے پی پی):سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس میں رمضان المبارک سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کیا۔ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مہرین بلوچ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان،ضلع بھر کےاسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بریفنگ دیتے ہوۓ بتایا گیا کہ عوام کوزندگی کے تمام شعبوں میں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے کو ششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اشیاۓ ضروریہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جاۓ گا،ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائےۓ گی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں رمضان بازار عوامی سہولت کے لیے قاٸم ہو چکے ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوۓ سیکرٹری نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تقریباً8ارب روپے کا رمضان پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔











