این سی او سی کا آج آخری دن ،کرونا حالات میں کار کردگی پر عالمی سطح پر  پزیرائی ملی، وفاقی وزیر اسدعمر  کی پریس کانفرنس

19

اسلام آباد۔31مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں کووڈ-19 کے کیسز میں تیزی سے کمی اور بڑی آبادی کی کامیاب ویکسی نیشن کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو آج بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں کووڈ کے کیسز اور ویکسی نیشن کی شرح کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ہم نے اس وبا کے ساتھ زندگی گزارنے کا نارمل طریقہ کار اپنانا ہے اور ایمرجنسی میں بنائے گئے اس ادارے کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے پوری قوم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ویکسی نیشن کی شرح بہت اچھی سطح تک پہنچ چکی ہے اور وبا کا پھیلاؤ بھی کم ہو گیا ہے، لہٰذا آج این سی او سی کے آپریشن کا آخری دن ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں گزشتہ دو سال میں جو کامیابی حاصل ہوئی اس کی دنیا کے بڑے بڑے اداروں اور شخصیات نے اس پر پاکستان کی تعریف اور پذیرائی کی۔