سکھر ،01اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جاوید احمد کی ہدایات پر ضلع بھر میں ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں ۔ ڈی سی ڈاکٹرجاوید احمد کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر ماجد علی ماکو نے مختیار کار نیو سکھر انیس الرحمن ودیگر عملہ کے ہمراہ تعلقہ نیو سکھر کے مختلف علاقوں سوسائٹی ،شکار پور پھاٹک ،ملٹری روڈ سمیت دیگر علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔
مذکورہ علاقوں میں انسانی جانوں کے لئے خطرناک اور کسی بھی وقت کسی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بننے والی ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کو سیل کردیا گیا ،ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر سکھر سٹی میں بھی مختیار کار بابر بلو نے شہر میں غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے چلنے والی ایل پی جی کی دکانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جناح چوک، بندرروڈ ، ریس کورس روڈ ،پرانہ ،شکار پورروڈ، شالیمار سمیت مختلف علاقوں میں موجود ایل پی جی دکانوں کو سیل کردیا ۔
مذکورہ کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ماجد علی ماکو نے ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر جاوید احمد کی ہدایات واضح کرتے ہوئے دکانداروں کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کی زندگی کے خطرے کا باعث بننے والی غیر محفوظ ایل پی جی شاپس کسی بھی حادثہ کا سبب بن سکتی ہیں صرف محفوظ اور حفاظتی طریقے سے ایل پی جی ایس او پیز پر عملدآمد کرنے والوں کو ہی شہرمیں ایل پی جی فروخت کرنے کی اجازت ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو جرمانہ اور ان کی دکانوں کو سیل کیا جائے گا۔











