ملتان، 04 اپریل (اے پی پی):ضلع بھر میں 17 گندم خریداری مراکز مکمل فعال کردیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گندم خریداری مراکز پر کسانوں کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے گندم خریداری سنٹر وہاڑی چوک کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان نے گندم خریداری پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلع میں 1 لاکھ 84 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے 22سو روپے فی من گندم کا نرخ مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن پالیسی کے تحت کسانوں کو باردانہ فراہم کرینگے اور کسانوں کی محنت سے اگایا گیا ایک ایک دانہ حکومت خرید کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام گندم خریداری مراکز پر آن لائن سسٹم ہے تحت ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔











