ملتان 04 اپریل (اے پی پی )؛ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں 193 ارب روپے کی گندم خریداری کررہی ہے جبکہ ضلع ملتان میں 1 لاکھ 84 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم خریدی جائے گی۔کسانوں کی محنت سے اگایا گیا ایک ایک دانہ خرید کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ جلالپور پیر والہ کے دوران گندم خریداری مراکز کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے گندم خریداری مراکز پر بریفننگ لی اور کسانوں سے ملاقات بھی کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ طارق محمود بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر آنیوالا ہر کسان ہمارا مہمان ہے اکی سہولت کیلئے حکومت پنجاب نے 22سو روپے فی من گندم کا نرخ مقرر کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوپن پالیسی کے تحت کسانوں کو باردانہ فراہم کرینگے کیونکہ کسانوں کی محنت سے اگایا گیا ایک ایک دانہ حکومت خرید کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام گندم خریداری مراکز پر آن لائن سسٹم ہے تحت ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے تاکہ بار دانہ کی فراہمی میں شفافیت لائی جاسکے۔











