ملتان،14اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ناجائز اور بغیر نقشہ کمرشل تعمیرات مسمار کرنے کا حکم جاری کیا ہے جبکہ این او سی کے بغیر قائم پلازے،پٹرول پمپ اور ہاؤسنگ کالونیوں کو بھی سیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی صدارت میں ضلعی ڈیزائن اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بائی لاز کی خلاف ورزی اور بغیر نقشہ عمارات کے سروے کا حکم بھی دیا ہے کیونکہ بے ہنگم اور غیر قانونی عمارات نے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماسٹر پلان کے مطابق کمرشل علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی منظوری دی جائے گی جبکہ پارکنگ اور بائی لاز یقینی بنائے بغیر کسی عمارت یا پمپ کو این او سی نہیں دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل غیر قانونی کمرشل عمارتوں کیخلاف کریک ڈاؤن کریں۔حکومتی منظوری کے بغیر کمرشل تعمیرات شروع کرنے والوں کا کڑا احتساب کرینگے۔اس موقع پر اجلاس میں مختلف ایجنڈوں کی منظوری بھی دی گئی۔











