اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 21 روپے اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اچانک پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کا اعلان کیا اور ریلیف کے لیے خاطر خواہ مالی وسائل مختص نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلا ماہ رمضان آیا ہے جس میں پچھلی حکومت نے آٹے پر بھی سبسڈی نہیں دی۔











