ملتان: 16اپریل (اےپی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر سے کمپنی کے شعبہ آپریشنز کے افسران منیجر آپریشنز حبیب اللہ ظفر، ڈپٹی منیجرز آپریشنز اور تمام سیکٹرز ہیڈ پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ملاقت میں وفد نے یونین عہدیداران کی بلیک میلنگ کی شدید مذمت کی اور محمد فاروق ڈوگر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔وفد کے اراکین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا کوئی ورکر یونین کی غیر قانونی ہڑتال کا حصہ نہیں بنے گا۔انہوں نے بتایا کہ تمام افسران اور ورکرز کمپنی میں بہترین ڈسپلن قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنی فیلڈ فورس پر فخر کرتی ہے اور شہر اولیاء کی خوبصورتی میں کمپنی ورکرز کا بڑا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ یونین عہدیدار ورکرز کے نام پر بھتہ خوری کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپنی انتظامیہ ورکر سے بھتہ لینے والوں کا کڑا احتساب کرے گی اور کمپنی کی کارکردگی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو کمپنی سے نکال باہر کیا جائے گا۔اس موقع پر محمد فاروق ڈوگر نے وفد کے اراکین کا شکریہ بھی ادا کیا۔











