پشاور، 18 اپریل(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ منشیات سمگلروں کے پیچھے ہر حد تک جائینگے۔ منشیات جیسے ناسور کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں ماجد خان AETO پراوینشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو کے زیر نگرانی جمیل بابر سب انسپکٹر اور وحید اکبر سب انسپکٹرEIB-1 اور EIB-5 نے خفیہ اطلاع پر پیر زکوڑی پل بطرف موٹر وے روڈ پر گاڑی نمبری 103 AEB سے تلاشی کے دوران 18 کلو گرام (18000 گرام) ہیروئین برآمد کر لی ہے۔ کاروائی میں خاتون سمیت دو ملزمان محمد طیب ولد محمد عاشق اور مسماہ انعم شفیق ولد محمد شریف زوجہ محمد شفیق ساکنان لاہور کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کیلئے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں محمد ریاض SHO تھانہ ایکسائز کے مدعیت میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ کامیاب کاروائی کے حوالے سے سید حیدر اقبال سیکریٹری محکمہ ایکسائز، محمود اسلم وزیر ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے متعلقہ عملے کی کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک لعنت ہے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے کاروائیوں کے ساتھ ساتھ آگاہی مہم بھی تیز کر دیا گیا ہے۔











