مری،21 اپریل (اے پی پی ): حکومت کی تبدیلی اورشہبازشریف کے وزیراعظم بننے کے ساتھ ہی ملک کے معروف سیاحتی مرکز ملکہ کوہسار مری کی قسمت جاگ اٹھی ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے ایک بلین کے فنڈز سےمری شہراوردیگرتمام اہم روڈز کی کارپٹنگ اورپیچ ورک کاکام شروع کر دیا گیاہے ۔
اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل اورڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مری کی تمام اہم شاہراہوں کی کارپٹنگ کاکام گرمائی سیزن کی تعطیلات سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ شاہرات پنجاب کے سپرنٹنڈنٹ انجینئرسیدنفاست رضا نے جھیکاگلی چوک میں کمشنر راولپنڈی کومری کی سڑکوں کی تعمیر ومرمت اورتزین وآرائش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے کہا کہ موجوہ حکومت کیجانب سے مری کی سیاحتی اہمیت کے پیش نظر گرمائی سیزن سے قبل مری کی تمام شاہراہوں کی کارپٹنگ اورتزین وآرائش کیلئے ایک بلین کےفنڈز فراہم کیئے جارہے ہیں، سٹریث لائٹس کانظام بہترکیاجارہاہے جبکہ مزیدسٹریٹ لائٹس لگائی جارہی ہیں۔
کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے محکمہ ہائی وے کے افسران کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کام کے معیار پرکوئی سمجھوتانہیں کیا جائے گا، ہنگامی بنیادوں پر کام کومکمل کیاجائے تاکہ گرمائی سیزن میں ملکہ کوہسارمری آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے ۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے جھیکاگلی چوک ویوفورتھ چوک اورجی پی اوچوک کومزیدخوبصورت بنانے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر پرضلعی اورتحصیل انتظامیہ کے مختلف محکموں کے سرکاری افسران سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرحسن وقارچیمہ،ایس پی مری حیدرخان، اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر،ایس ای سید نفاست رضا،ایکسین اشفاق انور سُلہری، ایس ڈی او محمد آصف خٹک، سب انجینئر ذیشان، سیکرٹری ایم آئی ٹی طارق فراز،ایس ایچ او قاسم شاہ اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔











