ملتان، 24 اپریل(اے پی پی):عید کے قریب آتے ہی ملاوٹ مافیا کی سرگرمیوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی مزید متحرک ہوگئی ہے۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر سورج میانی میں فیکٹری پر کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے 10,000 لیٹر کاربونیٹڈ ڈرنکس تلف کر کے 40 ہزار جرمانہ عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلے رنگ اور فلیورز کی ملاوٹ کرکے غیر معیاری جوس تیار کیا جارہا تھا، ٹیسٹ کے دوران مشروبات کی برکس ویلیو معیار سے کم پائی گئی ہے اور پروسیسنگ ایریا میں گندا پانی جمع ہونے، سگریٹ نوشی اور میڈیکل سرٹیفکیٹس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈرنکس تیار کرکے عید کے موقع پر جنوبی پنجاب بھر میں سپلائی کی جانی تھیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر فیکٹری مالکان کو 40 ہزار جرمانہ کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا جعلساز مافیا کو عوام کی صحت سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے ، پنجاب فوڈ اتھارٹی شب و روز بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سورس: وی این ایس، ملتان











