چاغی،07مئی(اے پی پی): وزیر مملکت برائے توانائی میر محمدہاشم نوتیزئی نے دالبندین میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے مقامی دفتر میں بجلی سے متعلق مسائل پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں کیسکو کے افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں صارفین بشمول تاجر برادری اور سیاسی جماعتوں کے عہدیداروں نے وزیر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ضلع چاغی میں کیسکو کے مرمتی ورکشاپ کے قیام، کیسکو کو افرادی قوت و دیگر وسائل کی فراہمی، بجلی سے محروم علاقوں میں بجلی کی فراہمی، زیادہ بلنگ کے مسائل اور مختلف علاقوں میں بجلی کی تقسیم پر دباؤ کم کرنے کے لیے زیادہ طاقت کے حامل ٹرانسفارمرز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت میر محمدہاشم نوتیزئی نے کیسکو حکام کو صارفین کے جائز اور فوری حل طلب شکایات ایک ہفتے میں دور کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں بجلی کی کمی پوری کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے لارہی ہے.ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی مسائل کے متعلق کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل اور شکایات سے آگاہ حاصل کرنا ہے تاکہ آنے والے بجٹ میں ضروری عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔
اس موقع پر انہوں نے درجنوں سائلین سے درخواستیں وصول کیے اور ان پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔
سورس: وی این ایس، چاغی











