لاہور7 مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مل جل کر چلنے پر اتفاق رائے کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سید یوسف علی گیلانی اور دیگر شرکاء نے وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ محمد حمزہ شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ہمارے دوست اور بھائیوں کی مانند ہیں۔ رواداری اور احساس حقیقی سیاسی روایات ہیں۔ عہدے عارضی ہوتے ہیں۔انسانیت سے محبت ترجیح ہونی چاہیے۔ آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، قمرالزمان کائرہ، رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی اور حسن مرتضیٰ ،سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،عطا اللہ تارڑ ،عمران گورایہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔











