سکھر،08مئی(اے پی پی ): پاکستان پیپلزپارٹی سکھر ڈویڑن کے صدر اور سابق ایم پی اے حاجی انور خان مہر جن کا گذشتہ روز کراچی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا کو سینکڑوں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی علاقے تماچانی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے ان کی نماز جنازہ میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ ،جی ڈی اے رہنما و سابق وفاقی وزیر غوث بخش خان مہر ،ایم این اے نعمان اسلام شیخ، سابق صوبائی وزیر اویس شاہ ،ایم پی اے شہریارخان شر ،سید کمیل،حیدر شاہ،سابق ایم پی اےو پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے صدر جاوید حسین شاہ ،سابق ضلع ناظم شکارپور عارف خان مہر،وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی ارسلان اسلام شیخ کے علاوہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں ، رہنماؤں ،سیاسی سماجی شخصیات ،مہر برادری کے افراداور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
مرحوم حاجی انور خان مہر کے انتقال پرپیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے صوبے میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور مرحوم کے انتقال کو پارٹی کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حاجی انور خان مہر کے انتقال پر وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سے رابطہ کرکے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم پاکستان پیپلزپارٹی سکھر ڈویڑن کے صدر اور تین بار پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔
سورس: وی این ایس، سکھر











