پاکپتن،9مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے دورہ پاکپتن کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں کو مہیا کردا سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے سی ٹی سکین روم ، ڈائیلسز وراڈز،میڈیسن روم اور ہیپاٹائٹس کلینک کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مریضوں اورلواحقین سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے انتظار گاہ میں بیٹھی بچی کو علاج معالجے کے لیے فوری طور پر ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ادویات کی انونٹری کا رجسٹرذ چیک کیا اور فریج میں پڑے انجکشن کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کلینک میں جلد سیکنڈ شفٹ شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ منصب سنبھالے چند دن ہوئے ہیں لیکن مختلف شہروں کے ہسپتالوں کے دورے کرچکا ہوں،عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی مفت فراہمی میرا مشن ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ مفت ادویات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی میں ہر رکاوٹ دورکی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی صفائی اورانتظامات کو بہتر بنایا جائے گا،علاج معالجے کی فراہمی میں کوئی کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی ، مفت اوربہترین علاج پنجاب کے ہر شہری کا حق ہے۔
خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، میاں نوید علی ارائیں، عمران گورایہ اور متعلقہ حکام بھی ہمراہ تھے۔











