بیگم نصرت بھٹو ائیرپورٹ سکھر سے آئندہ ماہ 436 عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونگے، ڈپٹی ڈائریکٹر نور محمد سومرو

14

سکھر،18مئی(اے پی پی): سکھر ڈویژن کے 436 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہونگے۔ بیگم نصرت بھٹو ائیرپورٹ سکھر سے آئندہ ماہ 436 عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونگے۔ اس سلسلے میں اہم اجلاس ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی آئی اے، ائیرپورٹ سیکورٹی فورس، ایف آئی اے، پولیس، حج ڈائریکٹوریٹ، صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

 ڈپٹی کمشنر جاوید احمد نے کہا کہ حج دین اسلام کا اہم رکن ہے جس کی ادائیگی کے لیے تمام مسلمان اپنے رب کے حضور حاضری دیتے ہیں تمام عازمین حج کو تمام تر سہولیات، آگاہی، حج کے احکامات، حفاظتی انتظام، پولیو اور کورونا ویکسین سمیت دیگر اقدامات کو احسن طریقے سے ادا کرنا ہم سب سرکاری افسران کی ذمہ داری میں شامل ہے اس لیے تمام متعلقہ محکمے عازمین حج کی روانگی سے قبل اقدامات کو حتمی شکل دیں اور تمام حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی میں ہر اول دستہ ثابت ہوں، حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سوشل میڈیا کے توسط سے آگاہی، سعودی عرب کے قوانین اور دیگر معلومات کی فراہمی سہل بنائی جائے۔

حج ڈائریکٹوریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نور محمد سومرو نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ ماہ بیگم نصرت بھٹوائیر پورٹ سے سکھر ڈویژن کے 436 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہونگے اس سلسلے میں تمام تر تیاریوں کو مکمل کیا گیا ہے ، حج کیمپ میں افسران اور عملے کو بھی مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے پولیس، صحت، ائیر پورٹ سیکورٹی فورس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سے اپیل کی کہ وہ اس اہم دینی فریضے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہونے والے عازمین کو بہتر اخلاقی رویے، پیار اور محبت کے ساتھ رب العزت کی بارگاہ میں پہنچانے میں حج ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ بھرپور طریقے سے تعاون کریں۔

اجلاس میں تمام افسران نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔