اٹک ؛ یونیورسٹی آف واہ میں پاکستان نیشنل سیکیورٹی ویژن 2030کانفرنس کا انعقاد

33

اٹک،24 مارچ  ( اے پی پی ): یونیورسٹی آف واہ میں پاکستان نیشنل سیکیورٹی ویژن 2030کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام وائس چانسلر پروفیسر جمیل النبی کی سربراہی میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز ڈین پروفیسر نذیر حسین نے کیا۔سابق وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی، ایئر وائس مارشل(ر)  فیض عامر مہمان خصوصی جبکہ سابق سفیر نغمانہ ہاشمی کلیدی مقرر تھیں۔  کانفرنس کو روایتی و غیر روایتی سیکورٹی دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا،کانفرنس میں سیکیورٹی ماہرین ،یونیورسٹیز کے ٹیچنگ سٹاف، مختلف مکاتب فکر کی شخصیات اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریٹائرڈ ایئر مارشل فیض عامر، سابق سفیر نغمانہ ہاشمی اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل سیکورٹی سے مراد صرف سرحدوں کی حفاظت نہیں بلکہ اندورنی و بیرونی سازشوں پر نظر رکھتے ہوئے انقلابی و دیر پا اصطلاحات کے ساتھ امن عامہ، معاشی ترقی اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنا بھی سیکورٹی میں شامل ہے۔

مقررین نے انٹرنیشنل سیکورٹی ویژن کے مطابق پاکستان کی سالمیت و خود مختاری پر زور دیتے ہوئے نئی نسل کیلئے تعلیم و آگہی ، ملک دوستی اور دفاع سے متعلق معلومات کو ضروری قرار دیا ۔ ماہرین نے حقوق و فرائض اور معاشرے میں بہترین انصاف کو سیکورٹی کی بنیاد بیان کیا ۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان 27ویں رمضان کو معرض وجود میں آیا ، قائد اعظم ، علامہ اقبال اور ان کے رفقاء کی شبانہ روز محنت ، ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد ہمیں آزاد ریاست نصیب ہوئی اور اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اس آزادی اور ملکی سالمیت کو قائم رکھنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کلیدی کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور یہ تیاری تب ہی ممکن ہے جب نئی نسل آزادی اور سیکورٹی کے اسلوب اور اس سے متعلق علوم پر دسترس حاصل کریں۔

  بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی پروفیسر اور ڈین آف پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈاکٹرآمنہ محمود کی صدارت میں غیر روایتی سیکورٹی سیشن سے پروفیسر اظہر احمد (بحریہ یونیورسٹی)پروفیسر طغرل یامین ( نیشنل یونیورسٹی سائنس و ٹیکنالوجی) ڈاکٹر سلمیٰ ملک ( قائد اعظم یونیورسٹی ) پروفیسر محمد خان (بین الاقوامی اسلامی یونورسٹی)ظفر نواز جسپال( قائدِاعظم یونیورسٹی) اور ڈاکٹر غلام مجاہد ( ایئر یونیورسٹی)نے اظہار خیال کیا اور کہا کہ ملکی سیکورٹی کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک کے حالات پر نظر رکھنا ضروری ہے ، حکومت وقت کو چاہئے کہ وہ انٹرنیشنل سطح کی اس سیکورٹی کانفرنس کو اہمیت دیتے ہوئے ماہر ین کی رائے سے استفادہ حاصل کرکے ان کی قیمتی آراء کو قومی سیکورٹی کیلئے کارآمد بنائیں۔

مقررین نے یونیورسٹی آف واہ کے وائس چانسلر پروفیسر جمیل النبی اورفیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومنٹیز ڈین پروفیسر نذیر حسین کی جانب سے بہترین اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ باقی یونیورسٹیوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے ۔

شرکاء نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ کی پیشہ وارانہ خدمات اور بہترین ڈسپلن و تعلیمی ماحول کو بھی سراہا۔ وائس چانسلر اور ڈین نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔