لاہور، 24 مئی ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کانسٹیبل پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے،ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے،قانون توڑنے پر قانون خود راستہ لے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی حسن مرتضی کی قیادت میں وفد سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں شہید کانسٹیبل کمال احمد کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کانسٹیبل پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گےذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گےق،انون توڑنے پر قانون خود راستہ لے گا۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز سے رحیم یار خان کے علاقے میں گینگ کی فائرنگ سے 10اکتوبر 2021کوقتل ہونے والے 9 افراد کے لواحقین نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے ذوالفقار علی اور سلمان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ آپ کو انصاف دلانا میرا فرض ہے، 7 ماہ گزر گئے ملزمان کو نہیں پکڑا جا سکا،متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مربوط آپریشن کر کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر طرح کے گینگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی۔
وفد میں مخدوم عثمان احمد محمود، سردار ممتاز علی اور شہزاد سعید چیمہ شامل تھے ۔ اس موقع پر سردار اویس احمد خان لغاری، ذیشان رفیق اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











