پشین ،29 مئی ( اے پی پی ): بلوچستان بھر کی طرح ضلع پشین میں بھی بلدیاتی انتخابات کےلیے میدان سج گیا ہے، صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔
پشین میں میونسپل کارپوریشن کے 34 وارڈوں سمیت ضلع بھر کے 452 وارڈز پر انتخابات جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ میں کُل ووٹر کی تعداد 302,818 جبکہ آبادی 737,225 ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ میں کُل 507 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں مرد پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 39 ، خواتین کی 31 جبکہ مشترکہ کی تعداد433 ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے 34 وارڈز میں سے 30 وارڈز پر انتخابات ہوں گے۔ مردوں کیلئے 25پولنگ اسٹیشنز خواتین کیلئے 20 جبکہ 44 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نذیراحمد حریفال کے مطابق میونسل کمیٹی حرمزئی پر عدالتی احکامات کی روشنی میں انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں، میونسپل کمیٹی سرانان کے 19 وارڈز میں مردوں کیلئے 6 جبکہ خواتین کیلئے 5پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں،میونسپل کمیٹی سرانان کے تمام 19 وارڈز میں مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 24 جبکہ میونسپل کمیٹی خانوزئی کے 19 وارڈز میں مرد اور خواتین کے لئے 1,1 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ میں کُل پولنگ بوتھ کی تعداد 1173 ہیں جن میں مرد پولنگ کی تعداد 611 ہوں گی اسی طرح ضلع بھر میں خواتین پولنگ بوتھ کی تعداد 562 ہے۔
ڈسٹرکٹ کے کُل 452 وارڈز پر مجموعی طور پر 1404 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں مجموعی طور پر 1624 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں سے 221 امیدوار الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے۔










